You are currently viewing الکا یاگنک کا اے آر رحمان کو کمتر سمجھنے کا انکشاف

الکا یاگنک کا اے آر رحمان کو کمتر سمجھنے کا انکشاف

ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف پلے بیک گلوکارہ الکا یاگنک نے ماضی میں گلوکار اے آر رحمان کے ساتھ کام سے انکار کرنے کی وجہ بتا دی۔عالمی شہرت یافتہ بھارتی میوزک کمپوزر اور گلوکار اے آر رحمان کا شمار اُن فنکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے کیریئر کی بُلندیوں پر پہنچنے سے قبل کئی مشکلات کا سامنا کیا۔اے آر رحمان کے کیریئر کی شروعات میں ایک وقت ایسا بھی آیا تھا کہ جب بالی ووڈ کے نامور گلوکاروں نے اُن کے ساتھ کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔اسی حوالے سے گلوکارہ الکا یاگنک نے اپنے حالیہ انٹرویو میں ماضی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ میں ممبئی میں تھی اور مجھے چنئی سے فون آیا کہ اے آر رحمان نامی نیا موسیقار کسی فلم کے لیے میوزک کمپوز کررہا ہے تو وہ اس پراجیکٹ میں کمار سانو اور میرے ساتھ کام کرنے کا خواہشمند ہے۔گلوکارہ نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اُس دوران، مجھے ممبئی میں کئی پُرانے موسیقاروں کے ساتھ بھی کام کرنا تھا جس کے لیے تاریخیں بھی بُک تھیں، میں اے آر رحمان کی وجہ سے پُرانے موسیقاروں کو منع نہیں کرسکتی تھی لہٰذا میں نے اے آر رحمان کو صاف انکار کردیا تھا۔الکا یاگنک نے کہا کہ اُس کے بعد، اے آر رحمان نے گلوکار کمار سانو سے رابطہ کیا تو اُنہوں نے یہ بھی کہہ کر انکار کردیا تھا کہ پتا نہیں یہ نیا موسیقار کون ہے، ہم اس کے ساتھ کام کیوں کریں۔اُنہوں نے کہا کہ میں نے اور کمار سانو نے اے آر رحمان کو کمتر سمجھ کر اُن کے ساتھ کام کرنے سے انکار تو کردیا تھا لیکن جب بعد میں، میں نے اُن کی موسیقی سُنی تو مجھے اپنے فیصلے پر بہت پچھتاوا ہوا کیونکہ اے آر کی آواز بہت خوبصورت تھی۔گلوکارہ نے کہا کہ میرا دل چاہ رہا تھا کہ میں اپنا سر دیوار میں ماروں کیونکہ میں نے اے آر رحمان کے ساتھ کام کرنے کا سُنہرا موقع ضائع کردیا تھا۔الکا یاگنک نے کہا کہ اُس کے بعد، جب پہلی بار میری اور اے آر رحمان کی ملاقات ہوئی تو اُنہوں نے شکوہ کیا کہ آپ نے میرے ساتھ کام کرنے سے انکار کردیا تھا، یہ سُن کر مجھے بہت شرمندگی ہوئی، مجھے خود پر غصہ آیا۔اُنہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ، میں نے اے آر رحمان کے ساتھ بہت کام کیا ہے لیکن میری طرف سے وہ پہلا انکار، ہمیشہ میرے دل میں چُبن کی طرح رہے گا۔واضح رہے کہ اے آر رحمان ساتویں مرتبہ نیشنل ایوارڈ برائے موسیقی جیت چکے ہیں جس کے بعد وہ بھارت میں سب سے زیادہ مرتبہ یہ ایوارڈ جیتنے والے پہلے میوزک ڈائریکٹر بن گئے ہیں۔

Leave a Reply