لاہور۔ سلوک نیوز۔ پاکستانی شوبز انڈسٹری کے نامور اداکار جاوید شیخ نے متعدد بالی وڈ فلموں میں کام کیا ہے اور وہ سپر سٹار شاہ رخ خان اور اکشے کمار کے ساتھ سکرین شیئر کرچکے ہیں۔ ایک نجی ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے جاوید شیخ نے مختلف بالی وڈ اداکاروں کے ساتھ کام کے تجربے کو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ایک مرتبہ اکشے کمار نے شرارت کرتے ہوئے ان پر چوری کا الزام لگایا تھا۔ اداکار کے مطابق شاہ رخ خان اور اکشے کمار انتہائی عاجز ہونے کے ساتھ شرارتی بھی ہیں اور فلم شوٹنگ کے دوران اپنی شرارتوں سے ٹیم ممبران کو حیران کرتے رہتے ہیں۔ جاوید شیخ نے بتایا کہ میرے پاس کارٹیئر کی ایک سونے کی گھڑی تھی جس نے اکشے کمار کی توجہ حاصل کی چناں چہ اکشے نے مزاحیہ انداز میں یوں اداکاری کی جیسے یہ گھڑی اس کی ہو اور میں نے چوری کرلی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اکشے کمار نے اس موقع پر ملازم لڑکے پر چیختے ہوئے کہا کہ اس نے اداکار کی گھڑی جاوید صاحب کو کیوں دی ہے۔ جاوید شیخ کے مطابق اکشے کمار کے مذاق سے چند لمحوں کیلئے ٹیم ممبر حیران ہوگئے لیکن پھر پرینک سمجھ آنے پر ان کے قہقہے چھوٹ گئے تھے۔