بنگلورو ۔ سلوک نیوز۔ پاکستانی سمندر بحیرہ عرب درحقیقت بحرِ ہند کا حصہ ہے۔ ایک عرصے تک بحرِ ہند کی گہرائی میں قدرتی ثقلی گڑھے نے ماہرین کو پریشان کئے رکھا اور اب شاید ماہرین نے اس کی وجہ معلوم کرلی ہے۔ ہندوستان کے جنوبی سرے سے کوئی 1200 کلومیٹر دور سمندر میں ایک وسیع جگہ ہے جہاں کا سمندری فرش باقی دنیا کے مقابلے میں اوسطاً 100 میٹر زیادہ گہرا ہے۔ یہ علاقہ لگ بھگ 30 لاکھ مربع کلومیٹر پر پھیلا ہوا ہے۔ اسے یوں سمجھئے کہ ایک ہموار میدان میں ایک وسیع گڑھا ہے جو اطراف کے مقابلے میں 100 میٹر نیچے ہے۔ اسی بنا پر کبھی کہا گیا ہے کہ یہ قدیم سمندر کی باقیات ہے یا پھر یہ کوئی قدرتی گڑھا ہے۔ لیکن سائنسدانوں کے مطابق اب انہوں نے اس کا راز فاش کردیا ہے۔ اگرچہ یہ ایک گڑھا تو ہے لیکن ایسا نہیں کہ اس میں سمندر کا پورا پانی اندر جارہا ہے بلکہ اب بھارتی سائنسدانوں نے کہا ہے کہ اس مقام پر ثقلی قوت اطراف کے مقابلے میں کمزور ہے۔ ہفت روزہ سائنسی جریدے، نیچر میں شائع شدہ ایک رپورٹ میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس کے ماہر، دبنجن پال اور ان کےساتھیوں نے کہا ہے کہ یہ گڑھا 1948 میں دریافت ہوا تھا اور تب سے اب تک اسے معمہ ہی سمجھا گیا تھا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ہماری زمین بالکل گول نہیں اور نہ ہی ہموار ہے۔ یہ قطبین سے تھوڑی پچکی ہوئی ہے۔ دوسری جانب اس مقام پر ثقلی قوت کچھ کمزور ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ دوسری جانب افریقہ کے قریب پگھلی ہوئی چٹانوں سے ابھرتے ہوئے بخارات کی وجہ سے یہ عمل ہورہا ہے۔ اس مقام پر ایک قدیم سمندر کی باقیات موجود ہیں۔ اس گڑھے کو انڈین اوشن جیوآیڈ لو کا نام دیا گیا ہے۔ بھارتی ماہرین نے زمینی تہوں کی حرکیات کا 14 کروڑ برس پر محیط کمپیوٹر ماڈل بنایا ہے۔ اس میں زمینی مینٹل میں پگھلے ہوئے مادوں اور چٹانوں کو بطورِ خاص شامل کیا گیا تھا۔ ماہرین کے مطابق افریقہ میں لارج لو شیئر ولاسٹی پروونس نامی مقام عین بحرِ ہند کے نیچے ہے اور اس پر اثرڈال رہا ہے۔ اسی سرگرمی سے بحرِ ہند کے اس مقام یعنی آئی او جی ایل کی ثقل پر اثرہورہا ہے اورایک وسیع رقبہ نیچے بیٹھ چکا ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ 20 کروڑ سال قبل ٹھیتس سمندر کی وجہ سے ایسا ہوا ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ ایک طویل ارتقائی عمل کے بعد لگ بھگ دو کروڑ سال قبل یہ ثقلی گڑھا پیدا ہوا تھا۔
بحرِہند کی گہرائی میں پراسرار ثقلی گڑھے کا معمہ حل ہوگیا
- Post author:Web Desk
- Post published:July 11, 2023
- Post category:سائنس و ٹیکنالوجی
- Post comments:0 Comments