نئی دہلی ۔ سلوک نیوز۔ بھارت میں دریائے جمنا کا پانی آگرہ میں تاج محل کی دیواروں تک پہنچ گیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش میں کئی روز سے غیرمعمولی بارشوں کے باعث دریائے جمنا کے پانی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس سے کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ آگرہ میں بھی دریائے جمنا کا پانی تاج محل کی دیواروں تک پہنچ گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت میں 45 سال بعد دریائے جمنا کا پانی تاج محل کی دیواروں تک پہنچا ہے، اس سے پہلے 1978 میں جمنا کا پانی تاج محل کی دیواروں تک پہنچا تھا۔ بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ پانی تاج محل کے اندر داخل ہونے کا خدشہ نہیں ہے تاہم ماہرین نے آگرہ شہر میں 17 ویں صدی کی یادگار کوسیلابی پانی سے نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں مون سون کی بارشوں اور دریائے جمنا بپھرنے کے بعد بھارتی دارالحکومت نئی دہلی دریا کا منظر پیش کررہا تھا، اہم شاہراہیں اور عمارتیں بھی پانی میں ڈوب گئیں تھیں۔ دریائے جمنا میں خطرناک حد تک پانی کی سطح میں اضافہ ہوا تھا۔