جنیوا۔ سلوک نیوز۔ اقوام متحدہ نے وارننگ دی ہے کہ دنیا شدید گرمی کی لہروں میں اضافے کا سامنا کرنے کی تیار ی کر لے۔ ان دنوں یورپ، امریکا کی کچھ ریاستوں، کینیڈا، جاپان اور چین میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے۔ چین میں 52 ڈگری سینٹی گریڈ کے درجہ حرارت نے تمام ریکارڈز توڑ دیے۔ برطانیہ کے میٹ آفس کے مطابق، چین میں اتوار کے روز اب تک کا بلند ترین درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا جب مغربی سنکیانگ کے علاقے میں پارہ 52.2C (126F) ریکارڈ کیا گیا۔ ادھر جنوبی چین میں سمندری طوفان ٹالِم کی تباہ کاریاں جاری ہیں، 2 لاکھ 30 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ طوفان کے باعث پروازوں تعطل کا شکار ہیں جبکہ ماہی گیروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرکے ساحلی اور سیاحتی مقامات کو بند کر دیا گیا ہے، طوفان ویتنام جاتے ہوئے کمزور پڑ گیا ہے۔ جاپان میں تقریباً 60 افراد ہیٹ اسٹروک کی وجہ سے بیمار ہوگئے ہیں جبکہ جنوبی کوریا میں کئی دنوں سے جاری طوفانی بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے مرنے والوں کی تعداد 41 ہو گئی ہے۔ یورپ میں جنگلات میں آگ بھڑکنے کے واقعات رونما ہوئے ہیں اور جنوبی یورپ کے بڑے حصے ریکارڈ گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ سسلی میں درجہ حرارت 46.3 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی ہیٹ ویو کے دورانئے کو طویل، زیادہ شدید اور مستقل بنا رہی ہے۔ ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن کا کہنا ہے کہ گرمی کی لہریں آنے والے برسوں میں مزید شدید ہو جائیں گی۔ سپین، یونان اور سوئٹزرلینڈ میں شدید گرمی کی وجہ سے پھیلی جنگلاتی آگ پر قابو پانے میں مشکلات حائل ہو رہی ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں درجنوں مکانات تباہ ہوئے ہیں، لوگوں کا انخلا جاری ہے۔ کینیڈا کے جنگلات میں بھی 500 سے زائد مقامات پر لگی آگ بے قابو ہے۔ وفاقی فوج اور بین الاقوامی فائر فائٹرز کی مدد طلب کر لی گئی ہے، آگ بجھاتے ہوئے 2 کینیڈین فائر فائٹرز ہلاک ہوئے ہیں۔ گرمی اور خشک موسم کے باعث جنگلاتی آگ کا سلسلہ اگست تک جاری رہنے کا خدشہ ہے۔ کئی شہروں کی فضا آلودہ ہوگئی ہے، کیلگری، مونٹریال، کیوبک اور ٹورنٹو میں دھویں کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ کینیڈا سے اٹھتا دھواں شمالی اور مشرقی امریکا کو بھی متاثر کر رہا ہے، امریکا کی 20 ریاستوں میں بھی فضائی آلودگی کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ نیویارک، الی نوائے، مشی گن، وسکونسن کے رہائشیوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ کینیڈین حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں مئی سے اب تک جنگلاتی آگ سے دو کروڑ چالیس لاکھ ایکڑ سے زائد کا رقبہ جل چکا ہے جو کہ آئس لینڈ کے رقبے کے برابر ہے۔ مغربی اور جنوبی امریکی ریاستوں میں 80 ملین سے زیادہ لوگ وسیع پیمانے پر شدید ہیٹ ویو کی ایڈوائزری کے تحت حفاظتی اقدامات اپنا رہے ہیں۔ کیلیفورنیا کی ڈیتھ ویلی میں درجہ حرارت اتوار کو 52C (125.6F) کے قریب ریکارڈ کیا گیا، جب کہ پیر کو ایریزونا کے ریاستی دارالحکومت فینکس میں درجہ حرارت مسلسل 18 ویں دن 43C (109.4F) سے اوپر ریکارڈ کیا گیا۔