ممبئی: بالی وڈ اسٹار وکی کوشل نے انکشاف کیا ہے کہ وہ کوئی بھی فلم سائن کرنے سے قبل اپنے والد اور اہلیہ کترینہ کیف سے مشورہ لیتے ہیں۔بھارتی میڈیا سے گفتگو میں اداکار نے بتایا کہ وہ ہر فلم کے اسکرپٹ کا بغور جائزہ لیتے ہیں اور اگر اس میں انہیں کوئی کنفیوژن محسوس ہو تو پھر وہ اپنے والد اور پھر اہلیہ کے ساتھ اسکرپٹ پر بات کرتے ہیں اور مشورہ کرتے ہیں۔وکی کوشل کا کہنا تھا کہ وہ خود کبھی اسکرپٹ کے لیے ہاں کرنے میں جلدی نہیں کرتے اور والد کے مشورے کو اہمیت دیتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کے والد ڈائیریکٹر ہیں اس لیے وہ ہر لحاظ سے سوچ کر مشورہ دیتے ہیں، وہ انڈسٹری کے رجحانات، تجارت اور باکس آفس کی کارکردگی پر گہری نظر رکھتے ہیں۔یاد رہے کہ وکی کوشل کی نئی فلم ’بیڈ نیوز‘ حال ہی میں ریلیز ہوئی ہے جس میں ایمی ورک اور ترپتی ڈمری بھی شامل ہیں۔