لاہور: احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو بری کردیا۔شہباز شریف، حمزہ شہباز اور نصرت شہباز سمیت دیگر ملزمان کے خلاف اس کیس کی انکوائری 2018 سے چل رہی تھی اور اس کا ریفرنس اگست 2020 میں دائر کیا گیا تھا۔
نیب نے شہباز شریف کو ستمبر 2020 میں اس کیس میں گرفتار کیا اور کیس میں نامزد تمام ملزمان پر نومبر 2020 میں فرد جرد عائد کی گئی تھی۔تاہم اس کیس میں شہباز شریف کو اپریل 2021 اور حمزہ شہباز کو فروری 2021 میں ضمانت پر رہائی ملی۔
وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان نے اس کیس میں بریت کے لیے درخواستیں دائر کی تھیں۔
نیب کی جانب سے اس کیس میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا اور نیب کے تفتیشی افسر نے بھی تصدیق کی تھی کہ کیس میں کوئی ثبوت موجود نہیں جس پر عدالت نے ماسوائے ایک کے تمام ملزمان کو کیس سے بری کردیا۔
منی لانڈرنگ ریفرنس میں رابعہ عمران اشتہاری ہیں اور ان کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔