کوئٹہ: مکران کوسٹل ہائی وے بزی لک کے مقام پر ایران سے آنے والے زائرین کی بس کھائی میں گرنے سے 12 افراد جاں بحق ہوگئے۔ایدھی ذرائع کے مطابق حادثے میں 35 افراد زخمی بھی جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔زائرین کی بس ایران سے آرہی تھی کہ بزی لک کے مقام پر بریک فیل ہونے کے باعث کھائی میں جا گری، ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر جاں بحق اور زخمیوں کو بس سے نکالا۔ جاں بحق ہونے والوں کا تعلق لاہور اور گجرانوالا سے بتایا جاتا ہے۔ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق ٹراما سینٹر کراچی منقتل کیے جانے والوں میں 28 سالہ منیب ولد ستار، 29 سالہ بلال ولد خوشی محمد، 20 سالہ یاسر ولد مقصود، 35 سالہ نعیم ولد اصغر، 36 سالہ یاسین ولد خورشید، 24 سالہ فرحان ولد نذیر، 40 سالہ سخاوت ولد رفاقت، 26 سالہ سلطان ولد محمد اعظم، 28 سالہ عطا محمد ولد ارشد، 20 سالہ ریحان ولد امجد، 24 سالہ عدنان ولد شبیر، 30سالہ حسن ولد حسین، 22 سالہ شاہ زیب ولد نذر حسین، 26 سالہ ارسلان ولد قربان، 28 سالہ نوید ولد غلام مصطفیٰ، 35 سالہ کالا ولد منیر، 28 سالہ عطا الرحمن ولد محمد اختر، 24 سالہ وقار حسین ولد منیر احمد، 25 شہزاد ولد منیر، 22سالہ شکیل ولد طفیل، 18 سالہ انور عباس ولد اختر اور 60 سالہ تنویر احمد شامل ہیں۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مکران کوسٹل ہائی وے پر زائرین کی بس کو پیش آنے والے حادثے پر اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے زخمی ہونے والے افراد کے فوری اور بہتر علاج معالجے کی ہدایت جاری کی۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لسبیلہ کے قریب بس کھائی میں گرنے سے زائرین کے جاں بحق پر گہرے رنج و دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی و تعزیت کی ہے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔واضح رہے کہ کچھ روز قبل بھی پاکستانی زائرین کی بس کو ایران میں حادثہ پیش آیا تھا جس میں 35 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے تھے۔ زائرین کا تعلق سندھ کے شہر لاڑکانہ سے تھا۔