لاہور ۔ سلوک نیوز۔ مقبول اداکارہ مہوش حیات نے کہا ہے کہ وہ رواں برس کے اختتام پر 7 سال بعد چھوٹی اسکرین پر دکھائی دیں گی، تاہم انہوں نے آنے والے ڈرامے سے متعلق فی الحال کوئی تفصیلات نہیں بتائیں۔ مہوش حیات کا آخری ڈراما 2016 میں نشر ہوا تھا، جس کے بعد انہیں صرف فلموں میں دیکھا گیا اور ان کی متعدد فلمیں بلاک بسٹر ثابت ہوئیں، تاہم اب انہوں نے چھوٹی اسکرین پر واپسی کا عندیہ دیا ہے۔ مہوش حیات ساتھی اداکار شہریار منور اور رمشا خان کے ہمراہ سما ٹی وی کے پروگرام حد کردی میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے ڈراموں سے دوری پر کھل کر بات کی اور ساتھ ہی اپنے فلمی کیریئر کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔ مداح کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ وہ کام کے سلسلے میں اگرچہ کافی عرصے تک بیرون ملک رہ سکتی ہیں لیکن وہ کبھی پاکستان کو چھوڑ نہیں سکتیں۔ ان کے مطابق ان کے یہاں روٹس ہیں، ان کا گھر اور وطن ہے، وہ اگر دوبارہ بھی ہولی وڈ میں کام کرنے جائیں تو بھی وہ واپس پاکستان آئیں گی۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے لکھاری خلیل الرحمٰن قمر کے اسکرپٹ کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس طرح ڈائلاگ لکھتے ہیں کہ ان میں اداکاری کرتے وقت زیادہ محنت نہیں کرنی پڑتی۔ ان کے مطابق خلیل الرحمٰن قمر کا اسکرپٹ اداکاروں کے لیے ایک طرح کی ٹریٹ ہوتی ہے اور ان کی لکھی گئی فلموں اور ڈراموں کے ڈائیلاگ تک لوگوں کو یاد ہیں۔ پروگرام کے دوران ڈراما انڈسٹری سے دوری پر بات کرتے ہوئے مہوش حیات نے کہا کہ ان کا آخری ڈراما 2016 میں نشر ہوا تھا اور اب رواں سال کے اختتام تک ان کا ڈراما نشر ہونے کا امکان ہے۔ ان کے مطابق وہ سات سال بعد چھوٹی اسکرین پر واپسی کریں گی اور وہ اس لیے ڈراموں سے دور رہیں، کیوں کہ اچھے اسکرپٹ نہیں لکھے جا رہے تھے۔
مہوش حیات کا 7 سال بعد چھوٹی اسکرین پر واپسی کا عندیہ
- Post author:Web Desk
- Post published:July 15, 2023
- Post category:انٹرٹینمنٹ
- Post comments:0 Comments