پاکستان تحریک انصاف نے میئر کراچی کے انتخاب میں غیر حاضر رہنے والے مزید 7 بلدیاتی نمائندوں کوپارٹی سے نکال دیا۔
صدر پی ٹی آئی سندھ حلیم عادل شیخ نے 7 چیئرمینز کو پارٹی سے نکالنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
پی ٹی آئی کے مطابق صدرپی ٹی آئی سندھ نےتحقیقات کیلئے بنائی گئی انکوائری کمیٹی کی سفارش پرفیصلہ کیا۔
پارٹی سے نکالے جانے والوں میں شاہ فیصل سے عبدالرحمان خان، صدر ٹاؤن سے طاہر پرویز، منگھوپیر سے منید الرحمان، سہراب گوٹھ سے حیات اللہ، کورنگی سے امجد حسین، منگھوپیرسے عاطف حیات اورسہراب گوٹھ سے دولت خان شامل ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق تمام اراکین کی پارٹی رکنیت ختم کرنے کیلئے پارٹی کے سیکرٹری جنرل کو بھی خط لکھ دیا گیا ہے۔
اس قبل حلیم عادل شیخ کی جانب سے 17 بلدیاتی نمائندوں کو پارٹی پالیسی کے خلاف فیصلہ کرنے پر پارٹی سے نکالا گیا تھا اور اب تک 24 بلدیاتی نمائندوں کو پارٹی سے نکالنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جاچکا ہے۔
خیال رہے کہ میئر کراچی کے انتخاب میں تحریک انصاف نے جماعت اسلامی کی حمایت کا اعلان کیا تھا تاہم پی ٹی آئی میں 30 یوسی چیئرمینز پر مشتمل فارورڈ بلاک سامنے آیا تھا جس نے حافظ نعیم الرحمان کو ووٹ نہ دینے اور الیکشن کے دن غیرحاضر رہنے کا اعلان کیا تھا۔
میئر کے انتخاب والے روز پی ٹی آئی کے فارورڈ بلاک کے ارکان نے الیکشن میں حصہ نہیں لیا جس کے باعث پی پی کا میئر بآسانی منتخب ہوگیا۔