لاہور ۔ سلوک نیوز۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل میں قومی احتساب بیورو (نیب) میں جواب جمع کرا دیا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے جواب میں نیب کی طلب کردہ دستاویزات غیر متعلقہ اور بدنیتی پر مبنی قرار دے دیں ۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی نے نیب سے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں مطلوبہ دستاویزات کا تعلق بتانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
جواب میں کہا گی اہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کے باعث آج نیب کے سامنے پیش نہیں ہو سکتے۔
خیال رہے کہ نیب نے چیئرمین پی ٹی آئی کو شوکت خانم ٹرسٹ، زمان پارک اور پراپرٹیز کی دستاویزات سمیت آج طلب کیا تھا تاہم وہ پیش نہ ہوئے۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی عدالت میں پیش نہ ہوئے اور حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں دائر کی گئیں۔
وکیل صفائی خواجہ حارث نے مؤقف اپنایا کہ 9 مئی کے کئی کیسز ہیں جن کی وجہ سے لاہور میں پیشی تھی۔ اگلی تاریخ ہماری 19 جولائی ہے، اسی روز ہی دلائل رکھ لیں۔
احتساب عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں 19 جولائی تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ عدالت نے توشہ خانہ کیس میں بھی چیئرمین پی ٹی آئی کی عبوری ضمانت میں 19 جولائی تک توسیع کردی۔