واشنگٹن ۔ سلوک نیوز۔ زمانوں سے جرائم کی اقسام اور ان کی تشریحات کی جاتی رہی ہیں لیکن یہ کون جانتا تھا کہ 3 سال کا بچہ اگر پتلون میں پوٹی کر دے تو اس پر بھی جیل ہوسکتی ہے۔ امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک پولیس افسر نے اپنے 3 سالہ بیٹے کو پتلون میں پوٹی کرنے کے جرم میں ہتھکڑی پہنا کر جیل میں ڈال دیا۔ اس حرکت پر انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے کافی تنقیدیں کی جارہی ہیں۔ پولیس والوں کی وردی پر نصب کیمرے میں ریکارڈ کی گئی گفتگو منظر عام پر آئی جس میں فلوریڈا کے ڈیٹونا بیچ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے لیفٹیننٹ مائیکل شون بروڈ، ڈپارٹمنٹ آف چلڈرن اینڈ فیملیز کے ایک ملازم کو یہ کہہ رہے ہیں کہ ان کے بیٹے کو بیت الخلا کی تربیت میں مشکل پیش آ رہی تھی۔ لہٰذا اس نے اپنے 3 سالہ لڑکے کو سبق سکھانے کے لیے پچھلے سال اکتوبر میں متعدد بار جیل میں ڈالا اور دوسرے موقع پر اسے ہتھکڑیاں پہنائیں۔ شون بروڈ پھر بتاتے ہیں کہ جیل میں ڈالنے کے اس تکلیف دہ تجربے کے بعد ان کے بچے نے اپنی پتلون دوبارہ کبھی گندی نہ کرنے کا عہد کیا۔