اسلام آباد۔ سلوک نیوز۔ سانحہ9مئی کے واقعات پر درج دہشت گردی کے مقدمات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو دہشت گردی کے مزید 3 مقدمات میں نامزد کر دیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایاکہ چیئرمین پی ٹی آئی کو جناح ہا¶س حملہ اور عسکری ٹاور حملے کے مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے، اس کے علاوہ عمران خان کو ماڈل ٹا¶ن وزیر اعظم سیکرٹریٹ پرحملے کے مقدمے میں بھی نامزد کردیا گیا۔ پولیس کاکہنا ہے کہ لاہور میں چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف دہشت گردی دفعات کے تحت 7 مقدمات درج تھے اور اب مزید مقدمات میں نامزدگی کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف دہشتگردی کے مقدمات کی تعداد10ہوگئی۔ پولیس نے بتایاکہ انویسٹی گیشن کے بعد لاہور میں دہشتگردی کے 3 مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی کو نامزد کیاگیا، گرفتار ملزمان کے بیانات کی روشنی میں انہیں نامزد کیا گیا۔ پولیس کے مطابق عمران خان پر 9 مئی واقعات پر پنجاب کے دیگر اضلاع میں دہشتگردی کے 19 مقدمات ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کو ملتان کے 3، راولپنڈی کے 2 مقدمات میں نامزد کیا گیا جبکہ فیصل آباد کے 2، گوجرانوالا اور میانوالی میں ایک ایک دہشتگردی کے مقدمے میں نامزد ہیں۔ خیال رہے کہ رواں سال 9 مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں نے ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج اور جلائو گھیرائو کیا تھا۔ پی ٹی آئی کارکنوں نے جناح ہا¶س لاہور سمیت فوجی تنصیبات، تاریخی عمارتوں، سرکاری املاک، شہدا کی یادگاروں اور گاڑیوں کو آگ لگا دی تھی جبکہ پاک فوج نے 9 مئی کو یوم سیاہ قرار دیا۔ اس کے بعد آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت خصوصی کور کمانڈرز کانفرنس میں فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والے ملزمان کے خلاف آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ٹرائل کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کی قومی سلامتی کمیٹی نے بھی تائید کی۔