You are currently viewing 3 مصنفین نے میٹا اور اوپن اے آئی کے خلاف کاپی رائٹ کی خلاف ورزی پر مقدمہ دائر کر دیا

3 مصنفین نے میٹا اور اوپن اے آئی کے خلاف کاپی رائٹ کی خلاف ورزی پر مقدمہ دائر کر دیا

کیلیفورنیا ۔ سلوک نیوز۔ امریکا سے تعلق رکھنے والے مصنفہ اور کامیڈین سارہ سلور مین نے مارک زکربرگ کی کمپنی میٹا اور چیٹ جی پی ٹی تیار کرنے والی کمپنی اوپن اے آئی پر کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کا مقدمہ دائر کیا ہے۔ اس مقدمے میں انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ان دونوں کمپنیوں کے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ماڈلز کی تربیت کے لیے ان کے تحریری کام کو بلااجازت کے استعمال کیا گیا۔ سارہ سلور مین کی جانب سے یہ مقدمہ دیگر 2 مصنفین کرسٹوفر گولڈن اور رچرڈ کارڈی کے ساتھ مل کر امریکی شہر سان فرانسسکو کی عدالت میں دائر کیا گیا۔ خیال رہے کہ چیٹ جی پی ٹی جیسے چیٹ بوٹس لارج لینگوئج ماڈلز پر مبنی ہوتے ہیں اور انہیں انٹرنیٹ سے حاصل کیے گئے ڈیٹا سے تربیت دی جاتی ہے، تاکہ وہ صارفین کے سوالات کا جواب دے سکیں۔ مقدمے میں ان مصنفین کی جانب سے کہا گیا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی ان کی کتابوں کے کاپی رائٹ مواد کے خلاصے تیار کررہا ہے، جبکہ میٹا کے لینگوئج ماڈلز کو تربیت دینے کے لیے استعمال ہونے والا زیادہ تر مواد کاپی رائٹ والی تحریروں سے آتا ہے۔ مصنفین کا کہنا تھا کہ ان کے تحریری کام کو شیڈو لائبریری سائٹس سے حاصل کیا گیا۔ اس سے قبل امریکا سے تعلق رکھنے والے 2 مصنفین کی جانب سے بھی اوپن اے آئی کے خلاف مقدمہ دائر کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ ان کے تحریری کام کو چیٹ جی پی ٹی کی تربیت کے لیے بلا اجازت استعمال کیا گیا۔ میٹا اور اوپن اے آئی کی جانب سے فی الحال اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔

Leave a Reply