لاہور۔ سلوک نیوز۔ پاکستان کو ایک سال سے زائد عرصے میں پہلی بار مائع قدرتی گیس ٟ ایل این جی ٞ فروخت کی ایک پیشکش موصول ہوگئی۔ بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے 3 بلین ڈالر قرض ملنے کی حتمی منظوری ملنے کے صرف دو دن بعد ہی بحران سے متاثرہ ملک کی مائع قدرتی گیس خریدنے کی درخواست کو ایک سال سے زائد عرصے میں پہلی بار کسی سپلائر کی جانب سے جواب موصول ہوا ہے۔ گزشتہ ماہ پاکستان تقریباً ایک سال میں اپنی پہلی کوشش میں اسپاٹ مارکیٹ سے ایل این جی حاصل کرنے میں ناکام رہا کیونکہ بظاہر کہیں بھی سپلائر معاشی تنگی کے شکار ملک کی پیشکش میں دلچسپی نہیں رکھتا۔ بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق تاجروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا تھا کہ پاکستان ایل این جی لمیٹڈ کی اکتوبر سے دسمبر کے لیے 6 کھیپوں کی خریداری کی بولی بند ہوگئی ہے اور کسی کمپنی نے پیشکش کا جواب نہیں دیا۔ تاہم اب تازہ ترین اپ ڈیٹ کے مطابق، ٹریفیگورا (Trafigura)گروپ نے جنوری سے فروری کے دوران پاکستان کو دو ایل این جی شپمنٹس کی پیشکش کی ہے، اس سے قبل بھی پاکستان ایل این جی خریدنے کی کوشش کرتا رہا تاہم کوئی کامیابی نہیں مل رہی تھی۔