You are currently viewing قوم کو گزشتہ برسوں میں ایک گروہ کی نااہلی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا رہا، وزیراعظم

قوم کو گزشتہ برسوں میں ایک گروہ کی نااہلی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا رہا، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کو گزشتہ چند برسوں میں ایک گروہ کی نااہلی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے مہنگائی کی شرح 44 ماہ کی کم ترین سطح پر آنے پر اظہار تشکر کیا اور ستمبر میں مہنگائی کی سالانہ شرح 6.9 فیصد ہونے پر حکومت کی معاشی ٹیم کی پذیرائی کی۔انہوں نے کہا کہ اگست 2024 میں 34 ماہ میں پہلی مرتبہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح 9.6 فیصد پر آئی، پھر ستمبر میں گزشتہ 44 ماہ میں مہنگائی کی کم ترین شرح 6.9 فیصد ریکارڈ کی گئی۔وزیراعظم نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے عوام سے کیے گئے عہد کی پاسداری میں کامیابی ملنا شروع ہو گئی ہے، مہنگائی کی شرح 6.9 فیصد ہونے سے عام آدمی کو ریلیف ملے گا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی متواتر کمی سے عوام کو ریلیف مل رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ شرح سود کم ہونے سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، مہنگائی کی شرح کو 2025 تک 7 فیصد تک لانے کے ہدف کا 2024 میں ہی حصول قابل ستائش ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے دن سے عوامی ریلیف کے لیے اقدامات کو اولین تریجیح بنایا، پاکستان کے ڈیفالٹ کی خواہش کرنے والوں کا منصوبہ ناکام ہوا۔وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم نے گزشتہ برسوں میں ایک گروہ کی نااہلی کی وجہ سے مشکلات کاٹیں، ملکی معیشت مستحکم، سفارتی تعلقات مضبوط اور عام آدمی کی خوش حالی کا سفر شروع ہوچکا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) پروگرام کے اجرا سے معیشت میں مزید استحکام آئے گا، پاکستان کی ترقی کا سفر 2018 میں جہاں رکا تھا، وہیں سے دوبارہ شروع ہو چکا ہے۔

Leave a Reply