لاہور۔ سلوک نیوز۔ پنجاب حکومت نے محرم الحرام کے موقع پر امن و امان کیلئے صوبہ بھر میں شرپسندوں کے خلاف آپریشن کا فیصلہ کر لیا، سی ٹی ڈی کو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے لئے ہدایات جاری کر دی گئیں۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کے زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں 4 گھنٹے طویل اجلاس ہوا، اجلاس میں محرم الحرام کے دوران سکیورٹی پلان اور ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔ محسن نقوی نے پنجاب میں فورتھ شیڈول میں شامل افراد کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی نقل و حرکت پر پابندی بھی عائد کر دی، پنجاب بھر میں سرچ اینڈ سویپ اور کومبنگ آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا گیا، صوبہ بھر میں 280 ہاٹ سپاٹ کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔ آرپی اوز اور ڈی پی اوز کو محرم الحرام کے دوران قیام امن کے لئے ٹاسک دے دیا گیا، امن کمیٹیوں کو فعال کرنے کے ساتھ ساتھ محرم الحرام میں قیام امن کے لئے تمام اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن عامہ کے قیام کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔

محرم الحرام پر امن وامان کیلئے سکیورٹی پلان تشکیل، شرپسندوں کیخلاف آپریشن کا فیصلہ
- Post author:Web Desk
- Post published:July 8, 2023
- Post category:پاکستان
- Post comments:0 Comments